6 جون 2014 - 07:26
بیت المقدس کے بغیر فلسطینی انتخابات نا ممکن

فلسطین میں قومی اتحاد پر مبنی حکومت کے وزیر اعظم نے عالمی برادری سے، مقبوضہ فلسطین میں انتخابات کے انعقاد کے مقصد سے صہیونی حکومت پر دباؤ ڈالے جانے کی اپیل کی ہے ۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ فلسطین کے انفارمیشن سینٹر کی رپورٹ کے مطابق فلسطین کی قومی اتحاد کی حکومت کے وزیر اعظم  رامی حمداللہ نے کل غرب اردن میں بعض یورپی، امریکی اور افریقی ملکوں کے نمائندوں کے ساتھ ملاقات میں کہا کہ بیت المقدس کے بغیر فلسطینی انتخابات کا انعقاد ہرگز ممکن نہيں ہے ۔ محمود عباس نے بھی رامی حمداللہ کے نام ایک خط ارسال کرنے کے ذریعے فلسطینی علاقوں میں انتخابات کے لئےمناسب حالات فراہم کرنے کا مطالبہ کیا ہے ۔ دوسری جانب فلسطین کی اسلامی مزاحمتی تحریک حماس کے سینئر رکن نے کہا ہے کہ فلسطین کی قومی اتحاد پر مبنی حکومت، فلسطین کے تمام گروہوں کے درمیان اتحاد والی  حکومت ہے۔ موسی ابو مرزوق نے آج غزہ میں ایک تقریر میں کہا قومی اتحاد حکومت کی ذمہ داری، اجتماعی مصالحت کاقیام اور کسی تفریق کے بغیر عدل و انصاف کے ساتھ تمام شہریوں کے ساتھ بات چیت اور مفاہمت کرنا ہے۔ اس کےساتھ ہی تحریک حماس کے اس سینئر رکن نے قومی مصالحت کے سلسلے میں حماس کے رہنماؤں کے درمیان اختلافات پائےجانے کی سختی سے تردید کی اور کہا کہ حماس کے رہنما قومی آشتی کے عملی ہونے پر متفق ہیں ۔ واضح رہے کہ  قومی آشتی کی حکومت کے نام سے معروف فلسطین کی نئی کابینہ نے پیر دو جون کو رام اللہ میں حلف اٹھالیا۔ حلف اٹھانے والوں میں نئے وزیر اعظم رامي حمد اللہ اور پندرہ وزیر شامل ہیں۔ نئی کابینہ نے فلسطینی انتظامیہ کے سربراہ محمود عباس کے سامنے حلف اٹھایا۔ فلسطین کے نئی کابینہ میں فتح اور حماس تنظیموں کے رہنما شامل ہیں۔ دونوں تنظیموں نے کچھ دن قبل باہمی موافقت سے قومی آشتی کی حکومت قائم کرنے پر اتفاق کیا تھا ۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

۲۴۲